بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چین سے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں اور انہیں وسیع سطح پر حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے یہ بات چین کے صوبہ ہونان کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری شین شیاؤمِنگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر نے اس موقع پر صوبہ ہونان کے گورنر ماو ویمنگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔

ملاقات میں زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ بھی کیا گیا۔

صدر مملکت نے شین شیاؤمنگ کو پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے چین کے ساتھ اپنے دیرینہ ذاتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان، خصوصاً ان کے مرحوم سسر ذوالفقار علی بھٹو اور مرحوم اہلیہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ روایت اب اگلی نسل، بشمول ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کے ذریعے آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

صدر نے زرعی ٹیکنالوجی اور آلات کے حوالے سے ہونان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے بیج ٹیکنالوجی، زرعی تحقیق اور جدید کاشتکاری کے طریقوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ زرعی مشینری، معدنیات کی پروسیسنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہونان کی جامعات نے پاکستانی اداروں کے ساتھ 12 تعاون کے معاہدے کیے ہیں جبکہ اس وقت 959 پاکستانی طلبہ مختلف شعبوں میں ہونان میں زیر تعلیم ہیں، جو عوامی روابط کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ماو ویمنگ نے پاکستان اور چین کو اچھے دوست، اچھے ہمسایہ، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی قرار دیا اور کہا کہ ہونان صوبہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی ترقی میں اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنے خطاب میں صدر زرداری نے کہا کہ ہونان کو چیئرمین ماو زے تنگ کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت حاصل ہے اور ان کی میراث آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت عوام کے پاس ہونے کا تصور پاکستانی عوام میں بھی بے حد مقبول ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے قریب رہیں گے۔ انہوں نے ہونان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے کہا کہ صدر زرداری کا ہونان کا دورہ چیئرمین ماو زے تنگ کے ساتھ ان کی خصوصی عقیدت کا عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا، دونوں ممالک کے عوام کو قریب لائے گا اور سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کو مزید اہمیت بخشے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button