
قومی
پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ
پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے باہمی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے، ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزرائے خارجہ کے تیسرے مشاورتی اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ چاروں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قریبی روابط اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔















