ازبکستان علاقائی روابط کے فروغ میں پاکستان کے کردار کا معترف

صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

وہ اسلام آباد میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تُختائیف سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

صدر نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے ازبک صدر شوکت مرزیایف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے، مارکیٹ تک بہتر رسائی فراہم کرنے اور تجارتی سہولت کاری کے نظام کو جلد فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کاروباری روابط بڑھانے اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔

صدر مملکت نے علاقائی اقتصادی انضمام کے لیے روابط (کنیکٹیویٹی) کو کلیدی حیثیت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے ذریعے گرم پانیوں تک مختصر ترین رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کو فعال بنانے کی بھی حمایت کی۔

انہوں نے مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر سفیر نے پرتپاک استقبال پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور خطے و دنیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

سفیر نے ازبک صدر کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو ازبکستان کے دورے کی دعوت کا بھی ذکر کیا، جس پر صدر نے ہدایت کی کہ رواں سال کے آخر میں دورے کی تیاریاں مکمل کی جائیں۔

Exit mobile version