
قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اسٹارز نے جیت لیا
قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025-26 کے فائنل میں اسٹارز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انوِنسبلز کو 52 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
لاہور کے غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں کپتان طوبیٰ حسن کی بہترین کارکردگی نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسٹارز نے نہ صرف اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا بلکہ 15 لاکھ روپے انعامی رقم بھی حاصل کی۔
میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹارز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ طوبیٰ حسن نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ سدرہ امین نے بھی 30 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
انوِنسبلز کی جانب سے امبر کائنات اور مومنہ ریاست نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انوِنسبلز کی ٹیم 16.1 اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان منیبہ علی نے 13 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں۔
اسٹارز کی جانب سے طوبیٰ حسن اور عائشہ بلال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمیمہ سہیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
طوبیٰ حسن کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ ٹورنامنٹ کی مشترکہ بہترین کھلاڑی کا اعزاز فاطمہ ثناء (271 رنز اور 8 وکٹیں) اور طوبیٰ حسن (192 رنز اور 10 وکٹیں) نے حاصل کیا۔
ٹورنامنٹ کی بہترین بیٹر منیبہ علی (344 رنز)، بہترین باؤلر مومنہ ریاست (16 وکٹیں) اور بہترین وکٹ کیپر ناجیہ علوی (8 شکار) قرار پائیں۔















