بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نائب وزیرِ اعظم کا امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مکالمے اور روابط کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد مذاکرات کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں بھی اسلامی جمہوریہ ایران اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے درمیان بات چیت کو آسان بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اسحاق ڈار نے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے فوری جنگ بندی کی اپیل پر مثبت ردِعمل دیا اور اسلام آباد میں امن مذاکرات کی دعوت قبول کی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ کا وفد، جس کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے تھے، جبکہ ایران کا وفد ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی سربراہی میں پاکستان پہنچا اور مذاکرات میں شرکت کی۔

نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ دونوں ممالک کے درمیان کئی دور کے سخت اور تعمیری مذاکرات میں ثالثی کی، جو گزشتہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے اور آج صبح اختتام پذیر ہوئے۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے دونوں فریقین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جنگ بندی کے حصول اور پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مثبت جذبے کے ساتھ مذاکرات جاری رکھیں گے تاکہ خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے لیے ضروری ہے کہ وہ جنگ بندی کے عزم کو برقرار رکھیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button