
پاکستان اور اٹلی کا خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران اطالوی وزیرِ اعظم نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو مبارکباد بھی دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی اور عالمی رہنماؤں، بشمول جارجیا میلونی، کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت میں جاری مشترکہ اعلامیے کا خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مزید کشیدگی کو روکنے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔















