
صدر میکرون کی امریکہ ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کی تعریف
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے آج وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر انہیں مبارکباد دی۔گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔صدر میکرون نے اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری جارحیت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے فوری طور پر تشدد اور ہلاکتوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔















