
وزیر اعظم شہباز شریف کی جمعہ کو یومِ دعا اور یومِ تشکر منانے کی اپیل
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ خطے میں امن کے لیے جمعہ کے روز یومِ دعا اور یومِ تشکر منایا جائے۔یہ بات وزیرِ پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آج سینیٹ میں بحث سمیٹتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں مستقل امن اور استحکام کے قیام کے لیے متوقع اسلام آباد مذاکرات میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی امن کوششیں اسلام آباد معاہدے کی کامیاب دستخطی تقریب کے ساتھ منطقی انجام تک پہنچیں گی۔اجلاس کے دوران متعدد ارکان نے اظہارِ خیال کیا جن میں منظور احمد کاکڑ، دانش کمار، خالدہ عتیب، نسیمہ احسن، ضمیر حسین گھمرو، فیصل جاوید، بشریٰ انجم بٹ، ایمل ولی خان، پونجو بھیل، سید منصور احسن، افنان اللہ خان، خلیل طاہر، ذیشان خانزادہ اور ندیم احمد بھٹو شامل ہیں۔ایوان کا اجلاس اب کل صبح ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ ہوگا۔















