چین نے کہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت اور پاکستان کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان جمعہ کو دونوں ممالک کے درمیان ہفتوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے کہا، ”مشاورت کا عمل مسلسل اور منظم طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔” چینی حکومت دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور کابل کے نمائندوں نے بدھ کے روز مغربی چین کے شہر ارمچی میں دوبارہ مذاکرات شروع کیے تھے۔
ماؤننگ نے مزید کہا کہ تینوں فریق میڈیا کوریج سمیت مذاکرات کے ایک مخصوص عملی طریقہ کار پر بھی اتفاق کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ان کے مطابق حالیہ پاکستانـافغانستان کشیدگی کے بعد چین مختلف سطحوں اور ذرائع کے ذریعے دونوں ممالک سے رابطے میں رہا اور مذاکرات کے لیے حالات اور پلیٹ فارم فراہم کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک چین کی ثالثی کی کوششوں کو اہمیت دیتے ہیں اور دوبارہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے
