
پاکستان،رومانیہ کے بحری روابط مضبوط بنانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پردستخط
پاکستان اور رومانیہ نے باہمی بحری روابط مستحکم کرنے کی غرض سے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل شاہد احمد اور رومانیہ کی پورٹ آف کانسٹنٹا ایڈمنسٹریشن کے جنرل منیجر MIHAI TEODORESCU نے اپنے اپنے ملکوں کی جانب سے یادداشت پر دستخط کئے۔
دستخطوں کی تقریب آن لائن ہوئی جس میں پاکستان میں رومانیہ کے سفیر DAN STOENESCU، دونوں ممالک کی وزارت خارجہ اور ٹرانسپورٹ کے نمائندوں اور پاکستان رومانیہ بزنس کونسل ارکان نے بھی شرکت کی۔
مفاہمت کی یادداشت کراچی پورٹ اور بحیرہ اسود میں پورٹ آف کانسٹنٹا کے درمیان بحری رابطے بڑھانے کے مشترکہ ہدف کی عکاسی کرتی ہے، جس سے جنوبی ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارت مزید مؤثر ہو گی۔
اس سے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر اور بحری معیشت کو ترقی دینے کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی اور یورپی یونین کیلئے ایک اہم لاجسٹک گیٹ وے کے طور پر رومانیہ کے کردار کو تقویت ملے گی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رومانیہ کے سفیرDAN STOENESCU نے پاکستان کے لیے رومانیہ کی برآمدات بڑھانے، ایشیا میں رومانیہ کی اقتصادی موجودگی مضبوط بنانے اور زیادہ متوازن تجارتی سرگرمیوں میں رومانیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا موجودہ انفراسٹرکچر پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور سپلائی کے متنوع راستوں کی ضرورت کے پیش نظر رومانیہ پاکستان شراکت داری پائیدار اقتصادی تعاون کیلئے مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل فراہم کرے گی۔















