
دو کیبل کمپنیوں پر 26 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کمپٹیشن قوانین کی خلاف ورزی پر دو کیبل کمپنیوں پر مجموعی طور پر 26 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
سی سی پی کے مطابق نیوایج کیبلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ جی ایم کیبلز اینڈ پائپس (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر 19 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ دونوں کمپنیوں نے ریسیل پرائس مینٹیننس کے ذریعے ڈیلرز کو مقررہ قیمت سے کم پر مصنوعات فروخت کرنے سے روکا، جو کہ کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی خلاف ورزی ہے۔
کمیشن کو اس حوالے سے شواہد موصول ہوئے تھے جن میں کمپنیوں کی جانب سے جاری کردہ سرکولرز شامل تھے۔ ان سرکولرز میں ڈیلرز کو مقررہ حد سے زیادہ رعایت دینے سے روکنے کی ہدایات دی گئی تھیں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی، حتیٰ کہ ڈیلرشپ ختم کرنے تک کی سزائیں تجویز کی گئی تھیں۔
انکوائری کے بعد کمیشن نے قرار دیا کہ دونوں کمپنیوں کے اقدامات سے مارکیٹ میں قیمتوں کا مقابلہ متاثر ہوا اور صارفین کے انتخاب میں کمی آئی۔ کمیشن نے کہا کہ ایسی پالیسیاں کمپٹیشن کو نقصان پہنچاتی ہیں اور صارفین کے مفاد کے خلاف ہیں۔
سی سی پی نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 60 دن کے اندر جرمانہ ادا کریں، بصورت دیگر روزانہ 5 لاکھ روپے اضافی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مزید برآں، کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر قیمتوں سے متعلق تمام پابندیاں ختم کریں اور ڈیلرز کو آزادانہ طور پر قیمتوں کے تعین کی اجازت دیں۔
کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک میں منصفانہ مسابقت کے فروغ اور صارفین کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔















