
قومی
اقوامِ متحدہ کے سربراہ کی پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ گفتگو کے دوران مغربی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے عالمی امن و سلامتی پر اثرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ تنازعات کی روک تھام اور حل میں ایک ناگزیر کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے پائیدار امن کے لیے سفارت کاری اور مکالمے کو واحد مؤثر راستہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا اظہار کیا، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔















