
قومی
سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کل دورہ پاکستان پر پہنچیں گے
سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کل سے دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے، جہاں وہ خطے کی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اسلام آباد پہنچیں گے۔
دورے کے دوران وزرائے خارجہ خطے میں کشیدگی کم کرنے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کریں گے۔
غیر ملکی معززین وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
پاکستان سعودی عرب، ترکیہ اور مصر جیسے برادر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
یہ دورہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔















