
سندھ میں پاساکھی-13 کنویں سے تیل کی پیداوار شروع
پاکستان کا پہلا افقی تیل کا کنواں فعال ہوگیا ہے جو او جی ڈی سی ایل کی بڑی کامیابی ہے۔او جی ڈی سی ایل نے حیدرآباد، سندھ میں پاساکھی-13 کنویں سے تیل کی پیداوار شروع کر دی ہے، جو پاکستان کا پہلا افقی آئل ویل ہے۔
یہ کنواں یومیہ 460 بیرل تیل پیدا کر رہا ہے جبکہ اسے 2,966 میٹر گہرائی تک کھود کر 546 میٹر افقی حصہ شامل کیا گیا ہے۔ جدید جیو اسٹیئرنگ اور ای ایس پی ٹیکنالوجی کے باعث اس کنویں کی پیداوار دیگر کنوؤں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
ایس آئی ایف سی کی پالیسی معاونت اور توانائی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، جو درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ماہرِ توانائی و معیشت محمد عارف کے مطابق او جی ڈی سی ایل کی کارکردگی، خصوصاً آئل اینڈ گیس کی دریافتوں کے حوالے سے، اس وقت بہت مثالی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں او جی ڈی سی ایل نے اپنے جوائنٹ وینچر پارٹنرز کے ساتھ ایک نئی دریافت بھی کی ہے۔ایس آئی ایف سی کی رہنمائی میں پاکستان کا توانائی شعبہ جدید، مستحکم اور خود انحصاری کی جانب بڑھ رہا ہے۔















