
ٹوکیو میں یومِ پاکستان کی تقریب، سفیر کا پاکستانی کمیونٹی کے کردار پر زور
پاکستان کا سفارت خانہ، ٹوکیو کے زیرِ اہتمام جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں یومِ پاکستان نہایت وقار اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔تقریب کی قیادت جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے کی، جبکہ اس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔اپنے خطاب میں سفیر عبد الحمید نے جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی کی مختلف شعبوں میں خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور انہیں پاکستان کی ثقافت، اقدار اور صلاحیتوں کے سفیر کے طور پر اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کی تلقین کی۔تقریب میں شرکاء نے قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مشترکہ شناخت اور ورثے کا جشن منایا۔















