بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دعا ہے عید دنیا کے ہر شہر میں امن کا پیغام لائے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے امت مسلمہ اوراہل پاکستان کو عید کی مبارک دیتے ہوئے خطے کے حالات کے پیش نظر عید سادگی سے منانے کی اپیل کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دعا ہے عید دنیا کے ہر شہر میں امن کا پیغام لائے، دعا ہے آج ہر مسلمان کو حقیقی اور پائیدار خوشی نصیب ہو، عید احساس کا نام ہے، عام آدمی کو بھی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ غریب، بے سہارا او رنادار خاندانوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے، یہ کیسی عید ہوگی کہ ہمارے قریب کوئی بھوکا رہ جائے، یہ کیسی عید ہوگی کہ کوئی ننھی سی بیٹی چوڑیوں اور نئے کپڑوں سے محروم رہ جائے، یہ کیسی عید ہوگی کہ ننھا سا بچہ غباروں، نئے کپڑوں سے محروم رہ جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ یاد رکھیں آپ کے اردگرد ہر غریب او رنادار خاندان کا خیال او راحساس آپ کی ذمہ داری ہے، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب میں تقریبا 40لاکھ خاندانوں اور 2کروڑ افراد کو ان کی دہلیز پر امدادی رقوم پہنچائیں، پہلی مرتبہ”مریم کو بتائیں“کے ذریعے ضرورت مند لوگوں کو 10،10ہزار روپے فوری طورپر جاز کیش کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کا احساس ہی دراصل عید کی حقیقی خوشی ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے امن، سکون اور عافیت کے لئے دعا گو ہوں، عید کی خوشیوں میں پاک دھرتی کی خاطر جان دینے والوں کو بھی نہیں بھلایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، اخوت او رمحبت کے جذبات کا فروغ عید کے روز اللہ کریم کے شکرکا تقاضا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button