
قومی
عید کی اصل روح وطن عزیز کی خدمت اور دفاع کے اعزاز میں ہے: عسکری قیادت
چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے افواجِ پاکستان کی جانب سے پوری قوم کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے مشترکہ پیغام میں عسکری قیادت نے کہا کہ عید الفطر اتحاد، ہمدردی اور تشکر جیسی پائیدار اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے لیے عید کی اصل روح وطن عزیز کی خدمت اور دفاع کے اعزاز میں مضمر ہے، جہاں جوان اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کے امن و سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔
عسکری قیادت نے کہا کہ وہ پاکستان کی حفاظت کرنے والے بہادر مردوں اور خواتین کی جرأت، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہتی ہے۔















