
صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ عید الفطر باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی خوشیاں ضرورت مندوں، یتیموں اور معاشرے کے محروم طبقات کے ساتھ بانٹیں اور احساسِ ذمہ داری کو مزید مضبوط بنائیں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں قومی یکجہتی کے عزم کی تجدید، آئین کی بالادستی اور قانون کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر ہمیں ایثار، اتحاد، خدمتِ انسانیت اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران حکومت نے مستحق افراد کو باوقار طریقے سے مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے آن لائن ادائیگی کا نظام کامیابی سے نافذ کیا۔
وزیراعظم نے غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر متاثرہ علاقوں کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دکھ میں پاکستان برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دعاگو ہے۔















