
پاکستان اور قازقستان کا علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قاسم جومارت توکایف نے باہمی رابطوں کے فروغ اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آج دوپہر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر توکایف کو 15 تاریخ کو قازقستان میں منعقد ہونے والے تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریفرنڈم میں عوام کی بھرپور شرکت اور نئی آئینی ترامیم کی حمایت صدر توکایف کی بصیرت افروز قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اصلاحات قازقستان میں بہتر طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کو مزید تقویت دیں گی۔گزشتہ ماہ صدر توکایف کے دورۂ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اس دورے کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک جلد ملاقات کریں گے تاکہ مجوزہ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) اور معاہدوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، بالخصوص افغانستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مکالمے، تعاون اور روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔دریں اثنا، وزیراعظم نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت، روابط اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔















