
بھارت دنیا کی سب سے بڑی اسلاموفوبک ریاست ہے، عاصم افتخار
پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی اسلاموفوبک ریاست کے طور پر منفرد مقام رکھتا ہے، جو اپنی ہی اقلیتوں بشمول مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف ہے۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اسلاموفوبیا کے خلاف او آئی سی کور گروپ کے چیئرمین کی حیثیت سے عالمی دن برائے انسداد اسلاموفوبیا کے موقع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریب کے اختتامی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سفیر نے او آئی سی کی 17ویں رپورٹ برائے اسلاموفوبیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر دستاویزی اسلاموفوبیا کے واقعات میں سب سے زیادہ حصہ رکھتا ہے۔ انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں سری نگر میں جمعہ کی نماز پر عائد پابندی، مسلمانوں پر ہجوم کے ہاتھوں تشدد اور تاریخی مساجد کی منظم تباہی کی مثالیں پیش کیں۔عاصم افتخار نے کہا کہ مکالمہ، باہمی فہم، رواداری، ہمدردی، یکجہتی اور بین الاقوامی تعاون ہماری مشترکہ کوششوں اور عالمی شراکت داریوں کی رہنمائی کرتے ہیں تاکہ اس عالمی ناسور کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جاسکے۔















