
بنگلہ دیش نے 11 سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی
تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 11 رنز سے ہرا کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔میرپور میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم آخری گیند پر 279 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 290 رنز بنائے۔ بنگلادیش کے تنزید حسن نے 107 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے، توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی تاہم سلمان آغا کی شاندار سنچری کی بدولت ٹیم فتح کے قریب تو آئی تاہم اس میں کامیابی نہ مل سکی۔پاکستانی ٹیم 291 رنز ہدف کےتعاقب میں آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
سلمان علی آغا نے 106رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے اپنی اننگ میں 9 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ سعد مسعود نے38،شاہین آفریدی نے37 اورعبدالصمد نے34 رنزبنائے۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے چار، مستفیض الرحمان نے تین اور ناہید رانا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں بنگلا دیش کو 11 برس بعد کامیابی ملی ہے۔














