
پاکستان نے افغان طالبان کے فائر کئے گئے ڈرونز کو مار گرایا ،آئی ایس پی آر
افغان طالبان نے پاکستان کے بہادر عوام کو ہراساں کرنے کے لیے چند ڈرونز کا استعمال کیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈرونز کوہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔ان ڈرونز کے ملبے کے نتیجے میں کوئٹہ میں دو بچے اور کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہوئے۔ان حملوں کا مقصد عوام میں خوف پھیلانا تھا جس سے افغان طالبان کی دہشت گردانہ ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افغان طالبان ایک طرف عالمی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے خود کومظلوم ظاہر کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب اپنے دہشت گردگروہوں اورڈرونز کے ذریعے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج افغانستان پر حکمرانی کرنے والی کرائے کی ملیشیاء کی اصل فطرت اور ارادوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔افغان طالبان کی جانب سے افغان سرزمین سے پھیلائی جانے والی دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی بنیادی تشویش کو دور کرنے تک پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری رہے گا۔















