
قومی
صدر، وزیراعظم کی نیپال انتخابات میں شاندار کامیابی پر راشٹریا سواتنتر پارٹی کو مبارکباد
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نیپال میں 2026 کے انتخابات میں شاندار کامیابی پر راشٹریا سواتنتر پارٹی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ انتخابی عمل میں نوجوانوں کا فعال کردار بہت حوصلہ افزا تھا اور قابل احتساب حکمرانی اور اصلاحات کے لئے وسیع تر علاقائی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے باہمی احترام، خیر سگالی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ مضبوط مینڈیٹ نئی اور متحرک قیادت میں نیپال کے عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دوستی اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نیپال کی نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔















