اسلام آباد ریپٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چائنیز کلب کو 16-19 پوائنٹس سے شکست دیکر نمائشی باسکٹ بال میچ جیت لیا۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا گیا نمائشی میچ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اورپاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔نمائشی میچ میں اسلام آباد ریپٹرز نے سخت مقابلے کے بعد چائنیز کلب کو 19-16 پوائنٹس سے شکست دی۔ اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کے حکام، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدرامتیاز رفیع بٹ،سیکریٹری فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن اوجِ ظہور، ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ نصراللہ رانا،:پروفیسر سراج الحق قریشی، ملک ریاض، محمد اعظم ڈار سمیت دیگر شخصیات نے میچ دیکھا۔اس موقع پر چائنا تھری گورجز ساؤتھ ایشیا انویسٹمنٹ کے سی ای او لیو یونگ گانگ نے کہا کہ جاری پاک چین فرینڈشپ کپ باسکٹ بال چیمپئن شپ نہ صرف میدان میں شاندار مقابلوں کی عکاسی کر رہی ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی اور کھیلوں کے حقیقی جذبے کو بھی اجاگر کر رہی ہے۔دریں اثنا، چیمپئن شپ کے خواتین کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں واپڈا بلیک نے لائکنز بی کو 9-21 پوائنٹس سے آرمی ریڈ نے آرمی وائٹ کو 22-28 سے ایل سی ڈبلیو یو ایگلز کلب نے رائل کلب کو 25-24 سے جبکہ گیریسنیئنز نے لائکنز سی کو 11-21 پوائنٹس سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
اسلام آباد ریپٹرز نے پاک چین نمائشی باسکٹ بال میچ جیت لیا
