بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے : احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مالی سال دو ہزار پچیس تا چھبیس کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران حکومت کی مربوط معاشی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت استحکام کی جانب بڑھی ہے۔

وہ اسلام آباد میں ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے قومی قیمت نگرانی کمیٹی کے باقاعدہ اجلاسوں کے ذریعے ملک بھر میں ضروری اشیائے خورونوش کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جن میں انڈے، مرغی اور آلو شامل ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار کے شعبے میں مالی سال دو ہزار پچیس تا چھبیس کے دوران مسلسل اور وسیع بنیادوں پر بحالی دیکھنے میں آئی اور سالانہ بنیاد پر چار اعشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بائیس میں سے چودہ شعبوں میں مثبت ترقی ہوئی، جن میں موٹر گاڑیاں، غیر دھاتی معدنی مصنوعات، مشروبات، ملبوسات، خوراک، ٹیکسٹائل اور تمباکو کے شعبے شامل ہیں۔

وزیرِ منصوبہ بندی کے مطابق جولائی سے فروری دو ہزار پچیس تا چھبیس کے دوران ٹیکس وصولیاں آٹھ اعشاریہ ایک کھرب روپے تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ سات اعشاریہ تین کھرب روپے تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ترسیلاتِ زر میں بھی گیارہ اعشاریہ تین فیصد اضافہ ہوا اور یہ جولائی سے جنوری دو ہزار چھبیس کے دوران بیس اعشاریہ نو ارب ڈالر سے بڑھ کر تئیس اعشاریہ دو ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومتی معاشی پالیسیوں اور استحکام پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button