اقتصادی رابطہ کمیٹی کی مختلف منصوبوں کیلئے نو ارب روپے سے زائد کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف منصوبوں کیلئے نو ارب روپے سے زائد کی منظوری دی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج(جمعہ) کو اسلام آباد میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہوا جس میں گیس پیدا کرنیوالے علاقوں کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع دیہات میں گیس فراہمی کی اسکیموں کیلئے تین ارب روپے کی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ ای سی سی نے مون سون ریسپانس 2025 آپریشنز اور بیرونِ ملک انسانی ہمدردی کی امداد کے دوران ہونے والے اخراجات کی ادائیگی کیلئے تین ارب تریسٹھ کروڑروپے اور رواں مالی سال کے دوران پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کی اسکیموں کے نفاذ کیلئے ایک ارب تیس کروڑ روپے کی منظوری دی۔

اجلاس نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کیلئے ایک ارب سینتالیس کروڑ روپے کی منظوری بھی دی تاکہ وفاقی سطح پر عوامی آگاہی مہمات سے متعلق بقایا واجبات کی ادائیگی کی جا سکے۔ای سی سی نے انٹرنیشنل انرجی فورم میں پاکستان کی سالانہ شراکت کیلئے ایک کروڑ اکتیس لاکھ روپے اور بنیادی تعلیمی کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے بیس کروڑ روپے کی منظوری بھی دی۔اس کے علاوہ کمیٹی نے بجلی کی پیداوار کی لاگت کم کرنے اور بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے سے پیدا ہونے والے دباؤ کو کم کرنے کیلئے ایک جامع اصلاحاتی پیکج کی بھی منظوری دی۔

Exit mobile version