بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

انٹرنیٹ رابطے کی بہتری کے لیے تین نئی زیرِ سمندر کیبلز بچھا دی گئی ہیں، شزہ فاطمہ

وزیرِ مملکت برائے اطلاعاتی ٹیکنالوجی و مواصلات شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ رابطے کو بہتر بنانے کے لیے تین نئی زیرِ سمندر کیبلز بچھا دی گئی ہیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ موبائل ٹاورز کو فائبر سے منسلک کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ انٹرنیٹ رابطے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ چھ سو میگا ہرٹز طیف کی نیلامی آئندہ منگل کو ہوگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اس عمل کو براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار دوگنی ہو جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال کے اختتام تک ملک کے پانچ بڑے شہروں میں پانچویں نسل کی موبائل خدمات دستیاب ہوں گی۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ملک کی ڈیجیٹل سرحدوں کے تحفظ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ سائبر سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سرحدوں کا تحفظ قومی سلامتی کا معاملہ ہے اور حکومت اس نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت مرکز کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ملک میں آ چکی ہے۔

توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی صحت خدمات نیلسن عظیم نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان کی ادویات کی نگران اتھارٹی اس وقت ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس کے علاج کے لیے تیار کردہ ایک ویکسین کا جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بچیوں کو نو سے چودہ سال کی عمر کے درمیان ہیومن پیپیلوما وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ اس ویکسین کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

قومی اسمبلی نے قومی احتساب ترمیمی بل دو ہزار چھبیس بھی منظور کر لیا، جسے ماہ جبین خان عباسی نے پیش کیا تھا۔

اجلاس کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ قومی اسمبلی کا اگلا اجلاس کل صبح گیارہ بجے منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button