وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور اپنا احتجاج پُرامن انداز میں ریکارڈ کرائیں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد جس طرح ایران کے شہری غمزدہ ہیں، اسی طرح پاکستان کا ہر فرد بھی دکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف ایران بلکہ پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے سوگ کا دن ہے۔
دریں اثنا وزیرِ داخلہ نے دارالحکومت میں ریڈ زون، سفارتی انکلیو اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سفارتی انکلیو میں فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں کسی بھی قسم کی بدامنی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل اور جامع ہونے چاہئیں۔ وزیرِ داخلہ نے واضح کیا کہ روزمرہ زندگی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیرِ داخلہ کو موجودہ امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔
