بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردانہ حملے کے ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس پردہشت گردانہ حملے کے انیس سال گزرنے کے بعد بھی انصاف کے منتظر پاکستانی اور بھارتی شہریوں کے اہل خانہ کی حالت زار پر بھارتی حکومت کی بے حسی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ سخت رویہ بھارت کی سرزمین پر معصوم پاکستانیوں اور دیگر شہریوں کے خلاف کئے گئے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے میں ایک سرکاری اور سیاسی ساتھی کے طور پر اس کے کردار کو ثابت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان چاروں مجرموں کے بے شرمی سے بری ہونے کی بھی مذمت کرتی ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک منصفانہ عدالتی کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردانہ حملے کے ملزموںاور سہولت کاروںکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور کیمپوں پر پاکستان کے جوابی حملوں کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ کے حالیہ بیان کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ یہ بیان ہمارے اس موقف کی تصدیق کرتا ہے کہ بھارت بی ایل اے، فتنہ الہندوستان اور خطے میں دیگر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی مدد اور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی کی سرپرستی اور اس کی معاونت میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کا حالیہ بیان اور بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد دیا گیا بیان بھی پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں بھارت کے ملوث ہونے کے موقف کو تقویت دیتا ہے اور اس سلسلے میں واضح ثبوت فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button