
پاکستان ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے،وزیرخزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے اور گورننس فریم ورک کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج (بدھ) اسلام آباد میں پاکستان کیلئے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر Bolormaa Amgaabazar سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو مؤثر طور پر فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو آبادی کے انتظام اور موسمیاتی تبدیلی جیسے ترجیحی شعبوں میں فعال کیا جائے۔ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کو مضبوط بنانے اور حکومت کی اہم اصلاحاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی اور صوبائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے ، معلومات کے تبادلے اور تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور مالیاتی استحکام کے حوالے سے فریقین نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مالیاتی فریم ورک کے مطابق قابل عمل حل تلاش کرنے کے لیے تکنیکی سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔















