بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت اور معیشت کے فروغ پر اتفاق

دوحہ میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی۔ قطر کے وزیرِ مملکت برائے تجارت اور پاک۔قطر مشترکہ کاروباری ذیلی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے دوحہ میں وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاکستان۔قطر تعلقات میں تیزی سے آنے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیرِاعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور قطر کو پاکستانی برآمدات میں تنوع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا، خصوصاً زرعی اجناس، غذائی اشیاء اور قدر میں اضافہ شدہ مصنوعات کے شعبوں میں مواقع بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔فریقین نے پاکستان۔قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور طے شدہ امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِاعظم نے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار اصلاحات اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو بھی نمایاں کیا، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے قطر کی جانب سے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ متعلقہ حکام پر مشتمل مشترکہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس ماہِ رمضان کے دوران منعقد کیا جائے گا، جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور قطر تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دے کر دوطرفہ شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button