بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عالمی یومِ اسکاؤٹس: صدر ، وزیراعظم کا اسکاؤٹس کو چیلنجز، آفات اور قومی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کا پیغام

آج دنیا بھر میں عالمی یومِ اسکاؤٹس منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ہر سال اسکاؤٹنگ تحریک کے بانی لارڈ رابرٹ بیڈن پاول اور عالمی چیف گائیڈ اولیو بیڈن پاول کی سالگرہ کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر کے لاکھوں اسکاؤٹس تحریک کی درخشاں روایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے، سماجی خدمت کے عزم کا اعادہ کرتے اور اسکاؤٹنگ کی اعلیٰ اقدار پر غور و فکر کرتے ہیں۔

عالمی یومِ اسکاؤٹس ۲۰۲۶ء کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسکاؤٹس پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف چیلنجز، قدرتی آفات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔

چیف اسکاؤٹ آف پاکستان کی حیثیت سے اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے اسکاؤٹ سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو سرسبز، ماحولیاتی طور پر مضبوط، منشیات سے پاک اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے میں اسکاؤٹس اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پانچ لاکھ سے زائد اسکاؤٹس اور رہنماؤں کو عالمی یومِ اسکاؤٹس کی دلی مبارک باد بھی پیش کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن معاشرے میں نوجوانوں کے مثبت اور تعمیری کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جہاں وہ اپنی ذہنی، جسمانی اور انفرادی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر قوم کی خدمت انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سات لاکھ پچاس ہزار اراکین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔

عالمی یومِ اسکاؤٹس کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، آگاہی پروگرامز اور سماجی خدمت کی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button