
جیسیکا پیگولا دبئی ٹینس چیمپئن شپ جیتنے والی معمر ترین کھلاڑی بن گئیںؒ
امریکی ٹینس اسٹار جیسیکا پیگولا نے شاندار اور بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر ہفتہ کے روز دبئی ٹینس چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
پیگولا، جو منگل کو 32 برس کی ہو جائیں گی، اس اعزاز کے ساتھ ٹورنامنٹ جیتنے والی دوسری معمر ترین کھلاڑی بن گئیں۔ ان سے قبل ان کی ہم وطن وینس ولیمز نے 2014 میں 33 برس کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر موجود پیگولا نے پہلے سیٹ میں ہی تین صفر کی برتری حاصل کر کے سویٹولینا کو دباؤ میں رکھا۔ شاندار بیک ہینڈ شاٹس اور مضبوط سروس گیم کی بدولت انہوں نے پہلا سیٹ بآسانی جیت لیا۔ سویٹولینا نے واپسی کی کوشش کی، تاہم پیگولا نے دو اہم مواقع بچاتے ہوئے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔
دوسرے سیٹ میں بھی پیگولا نے نپی تلی حکمت عملی اپنائی اور پانچویں گیم میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ انہوں نے ایک شاندار سروس کے ذریعے میچ کا اختتام کیا اور اپنے کیریئر کا دسواں ٹائٹل جیت لیا۔
کامیابی کے بعد پیگولا نے کہا کہ یہ فتح ان کے لیے سالگرہ کا بہترین تحفہ ہے اور وہ ٹرافی کے ساتھ وطن واپسی پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر پوائنٹ پر بھرپور محنت اور عزم کے ساتھ کھیلتی رہیں اور یہی حکمت عملی ان کی کامیابی کا سبب بنی۔















