
وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس: قائداعظم اور علامہ اقبال پر تاریخی ویب سیریز کی تیاری پر غور
وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں قائداعظم محمد علی جناح اور فلسفی شاعر علامہ محمد اقبال پر دو تاریخی ویب سیریز کی تیاری پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ملک کے اہم میڈیا ہاؤسز، معروف پروڈیوسرز، ہدایت کاروں اور تخلیقی شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ نوجوان نسل کو اتحاد، ایمان، قربانی، علم، جمہوریت اور شہری ذمہ داری کے بنیادی اصولوں سے جوڑنے کا تاریخی موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے دونوں قومی رہنماؤں کو عالمی سطح کے فکری شخصیات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نظریات آج بھی جنوبی ایشیا، مشرق وسطی، یورپ اور دیگر علاقوں میں گونجتے ہیں۔
احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت نے تاریخی ویب سیریز کے عالمی معیار کی تیاری کے لیے 5 کروڑ روپے تک کے ابتدائی فنڈز فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے تخلیقی صنعت کے ساتھ شراکت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر کہانی کے ذریعے ہم قومی شناخت کو مضبوط کریں گے اور پاکستان کی علمی و ثقافتی حیثیت کو عالمی سطح پر بلند کریں گے۔















