بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز خواتین ٹورنامنٹ، سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دیدی

اے سی سی ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز خواتین ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے پاکستان اے کو چون چون رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ یہ مقابلہ بنکاک کے ٹرڈتھائی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔

پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر بنگلہ دیش اے نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو دس رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان اے کی پوری ٹیم سولہ اعشاریہ چار اوورز میں چھپن رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بنگلہ دیش اے کی کپتان فہیمہ خاتون نے آل راؤنڈ کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ناقابلِ شکست چالیس رنز بنائے اور تین اوورز میں صرف چھ رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ اس وقت بیٹنگ کے لیے آئیں جب ٹیم انتالیس رنز پر دو وکٹیں گنوا چکی تھی۔ ابتدائی بلے باز شمیمہ سلطانہ تیرہ اور عشما تنجیم بارہ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھیں۔

بنگلہ دیش اے کی ابتدائی چار بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکی۔ پاکستان اے کی جانب سے کپتان حفصہ خالد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمیمہ سہیل، مومنہ ریاست، وحیدہ اختر اور انوشہ ناصر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان اے کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی۔ شوال ذوالفقار نے چودہ، حفصہ خالد نے بارہ اور یسریٰ عامر نے گیارہ رنز بنائے مگر وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور ٹیم بڑا اسکور نہ کر سکی۔

بنگلہ دیش اے کی جانب سے سنجیدہ اختر میگھلا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو صرف چھ رنز دے کر آؤٹ کیا۔ فہیمہ خاتون نے دو جبکہ فرجانہ یاسمین، فاطمہ جہاں اور فریحہ ترسنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button