بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسحاق ڈارکا فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے فلسطینیوں کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اظہارکیا ہے۔وہ نیویارک میں فلسطین کی صورتحال کے بارے میں ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے منصفانہ حق خودارادیت ،وقاراورآزادی کے حصول کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان جنگ کی مستقل روک تھام اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے سفارتی کوششوں میں بھرپورشرکت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں جاری امن کوششوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مستقل خلاف ورزیوں اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے انضمام کے غیرقانونی اقدامات سے ان کوششوں کونقصان پہنچ رہا ہے اور منصفانہ اور پائیدارامن کے امکانات کوخطرے کا سامنا ہے۔دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں فلسطین کی صورتحال کے بارے میں سلامتی کونسل کی بریفنگ کے موقع پر اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے مستقل مندوب سے بھی ملاقات کی۔

اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔مستقل مندوب ریاض منصور نے فلسطینیوں کے نصب العین کے لئے پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں پاکستان قونصل خانہ میں کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں اور حکومت کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات کو اجاگر کیا۔کمیونٹی رہنماؤں نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اورعالمی وقار پرفخرکا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف اورنائب وزیراعظم کی قیادت کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button