
ماہ رمضان میں اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں زونل ایس پیز، سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے شہر کو محفوظ بنانے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران 3500 سے زائد افسران ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نمازیوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے خصوصی واک تھرو گیٹس اور اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ کمانڈوز، ڈولفن فورس اور تھانوں کی موبائلز کی خصوصی ٹیمیں گشت کریں گی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایت کی کہ نماز تراویح اور افطاری کے اوقات میں چوکنا رہا جائے اور زونل ایس پیز، سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود ڈیوٹیاں چیک کریں۔
انہوں نے قبضہ مافیا، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے، سنگین جرائم میں ملوث گینگز اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنانے، پتنگ فروشوں اور پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے، کرایہ داروں کی رجسٹریشن یقینی بنانے اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔















