بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فلسطین کی موجودہ صورتحال پر اجلاس، نائب وزیراعظم کل نیویارک روانہ ہونگے

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کل نیویارک روانہ ہوں گے جہاں وہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔یہ اہم اجلاس برطانوی وزیرِ خارجہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوگا، جو اس وقت سلامتی کونسل کی صدر کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں۔اجلاس کے دوران نائب وزیرِاعظم پاکستان کے اصولی اور مستقل مؤقف کا اعادہ کریں گے اور فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ وہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر اپنے کنٹرول کو وسعت دینے کے حالیہ غیر قانونی اقدامات کی سخت مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئےمغربی کنارے کی صورتحال پر تشویش ظاہر کریں گے۔اسحاق ڈار غزہ کی پٹی میں فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی امداد میں نمایاں اضافے اور غزہ کی جلد بحالی و تعمیرِ نو کے آغاز پر زور دیں گے۔ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کریں گے۔نائب وزیرِاعظم اس امر پر بھی روشنی ڈالیں گے کہ پاکستان بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں، بشمول آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے گروپ اور اقوام متحدہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔پاکستان اس مؤقف کا اعادہ کرے گا کہ مسئلہ فلسطین کا حل فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور مربوط فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔دورے کے موقع پر نائب وزیرِاعظم مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button