
وزیراعظم کا پائیدارامن کے لئے دیرپا ترقی کی ضرورت پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بحرانوں کے پیش نظر پائیدار امن کے حصول کیلئے دیرپا اور جامع ترقی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات آج (منگل) ویانا میں اقوام متحدہ کی تقریب سے خطاب میں کہی جس کا عنوان تھا ”پائیدار ترقی، عالمی امن اور خوشحالی کا راستہ ” ۔وزیراعظم نے کہا کہ ایسی ترقی کو پائیدار نہیں کہا جا سکتا جو لاکھوں افراد کو بہتر زندگی فراہم نہ کرسکے۔انہوں نے ایسی پالیسیوں پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جو اجتماعی شمولیت کو فروغ دیتی ہیں، سماجی تحفظ کو مضبوط اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتی ہیں۔شہبازشریف نے موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنج کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، اس کے باوجود اسے بڑے پیمانے پر موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیراعظم نے حالیہ برسوں میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آفات انسانی تحفظ کیلئے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کو برابری، انصاف اور منصفانہ تقسیم سے منسلک ہونا چاہئے تاہم ان اصولوں کے بغیر عالمی امن ہمیشہ ناپید رہے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مثالی پائیدار ترقی کے لئے پرعزم ہے۔















