
صدرمملکت کا پاکستان کوخطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔رحیم یارخان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پور ی قوم ملک کے تحفظ اور استحکام کیلئے متحد ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وفاق کی نمائندہ جماعت ہے اور قومی یکجہتی کی حقیقی روح کی علمبردار ہے۔انہوں نے کہا کہ قیادت ذمہ داری اور حوصلے کا تقاضا کرتی ہے اور جو خود کو ذمہ داری نبھانے کے قابل نہ سمجھے اسے وہ قبول نہیں کرنی چاہئے۔صدرمملکت نے کہا کہ ہم سب اس دھرتی کے مقروض ہیں اور اس کا قرض اتارنے کا بہترین طریقہ عوام کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔صدر مملکت نے انسانی سرمائے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آبادی میں اضافے کو مؤثر انداز میں منظم کیا جائے تو یہ قومی دولت کا ذریعہ بن سکتا ہے۔انہوں نے زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے آبپاشی کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر آبی انتظام اور زیادہ محنت سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔















