
وزیراعظم کی چین کے نئے سال پرصدرشی جی پنگ،عوام کومبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے چینی سال 2026 گھوڑے کے سال کے موقع پر صدر شی جن پنگ، چین کے برادر عوام اور دنیا بھر میں موجود چینی کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔آج (پیر) اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ گھوڑا توانائی، لچک، رفتار اور اقدار کی علامت ہے جو ہمارے مشترکہ سفر کا بھرپور عکاس ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں جو سدابہار تعاون پر مبنی سٹریٹجک شراکت داری کے بندھن سے بندھے ہیں اور امن، ترقی اور علاقائی روابط کے حوالے سے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے دعا کی کہ یہ نیا سال ہماری پائیدار دوستی کو مزید مضبوط بنائے اور دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی کیلئے ہمارے تعاون کو مزید مستحکم کرے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم چینی بہن بھائیوں کے ساتھ گھوڑے کے سال میں اچھی صحت، کامیابی اور ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔















