
وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر آسڑیا روانہ
وفاقی چانسلر آسٹریا کرسچن اسٹوکر کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا روانہ ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم وفاقی چانسلر سے دوطرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جن میں پاک۔آسٹریا تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر دونوں ممالک کے سرکردہ کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے، جس کا مقصد دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہے۔
وزیراعظم پاک۔آسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب بعنوان ’’پائیدار ترقی: عالمی امن اور خوشحالی کا راستہ‘‘ سے خطاب بھی کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔
پاکستان اور آسٹریا کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو مکالمے، تعاون اور بین الاقوامی قوانین کے احترام جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے ستر برس مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے اور اس سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔















