بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چیئرمین سینیٹ اور یو اے ای کی وفاقی قومی کونسل کے اسپیکر کے درمیان ملاقات، باہمی امور پر تبادلۂ خیال

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والی نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔یہ اظہارِ خیال آج ابوظہبی میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور متحدہ عرب امارات کی وفاقی قومی کونسل کے اسپیکر صقر غباش کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات اور تعاون کا اعادہ کیا جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور طویل عرصے پر محیط قریبی شراکت داری پر مبنی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے یو اے ای کی وفاقی قومی کونسل کے اسپیکر کا پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی استحکام میں یو اے ای کے کردار کو سراہا، جس میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم بھی شامل ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے یو اے ای کی وفاقی قومی کونسل کے اسپیکر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے صقر غباش نے خوش دلی سے قبول کر لیا۔اس موقع پر صقر غباش نے کہا کہ وہ پاکستان کے دورے کے لیے پرجوش ہیں اور یہ دورہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے پارلیمانی سفارت کاری، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ اور یو اے ای کی وفاقی قومی کونسل کے اسپیکر نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جس میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنا، جبکہ ملاقات کے بعد دوستانہ ظہرانے نے دونوں رہنماؤں کو دوطرفہ تعلقات کی تاریخ اور مستقبل میں تعاون کے نئے امکانات پر غور کرنے کا موقع فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button