
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں وفود کی سطح پر مذاکرات منعقد ہوئے۔مذاکرات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے، ممکنہ تعاون کے مواقع کا جائزہ لینے اور باہمی مفاد پر مبنی منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صحت سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون اور بہترین تجربات کے تبادلے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزارتِ خزانہ، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے پریزنٹیشنز دی گئیں، جن میں پاکستان کے سرمایہ کاری کے مواقع، ترجیحی شعبوں اور سہولت کاری کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا۔مذاکرات میں انڈونیشیا کے تجربات اور مہارت، بالخصوص خودمختار ویلتھ فنڈ کے ڈھانچے اور ڈاؤن اسٹریم سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی استفادہ حاصل کرنے پر زور دیا گیا۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری پاکستان۔انڈونیشیا شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے صحت، وزیرِاعظم کے خصوصی معاون طارق باجوہ، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، نیشنل کوآرڈی نیٹر ایس آئی ایف سی، سیکریٹری خزانہ، قائم مقام سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔















