بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان ازبکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: صدر مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشر تختایوف سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر نے خوراک و زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور بینکاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آصف علی زرداری نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کے حالیہ تاریخی اور نتیجہ خیز دورۂ پاکستان کے مثبت نتائج پر مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت، پھل اور آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب ایک خوش آئند قدم سمجھتا ہے۔

انہوں نے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد اظہارِ یکجہتی اور حمایت پر صدر شوکت مرزیایوف کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ازبکستان امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ سفر کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔اس موقع پر ازبک سفیر نے صدر شوکت مرزیایوف کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو ایک خط بھی پیش کیا، جس میں انہوں نے دورۂ پاکستان کے دوران شاندار مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر حکومت اور عوامِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

خط میں صدر مرزیایوف نے نشانِ پاکستان، جو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ہے، نیز اعزازی پروفیسرشپ اور ڈاکٹریٹ عطا کیے جانے پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔ازبک سفیر نے صدر مملکت کو اسلام آباد کے ایف-سیون سیکٹر میں بابر پارک کی تعمیر و ترقی کے لیے ازبکستان کی خواہش سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ ازبک وزیر آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے تاکہ پاکستانی حکام سے تعمیراتی امور پر بات چیت کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button