بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیرِ اطلاعات کا دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے ملک میں پائیدار امن اور خوشحالی کے قیام کے لیے دہشت گرد عناصر کا ہر صورت تعاقب کر کے انہیں مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں علماۓ کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے میں ملوث منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کا سراغ لگانے میں نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور انہیں ضرور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمعہ کی نماز کے دوران مسلمانوں پر حملہ کرنے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے دہشت گردوں کا نہ کوئی دین ہے، نہ مسلک اور نہ ہی کوئی انسانیت۔ انہوں نے ریاست کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان خارجی عناصر کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔

عطااللہ تارڑ نے مساجد اور امام بارگاہوں سمیت تمام عبادت گاہوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

انہوں نے پیغامِ امن کمیٹی کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کمیٹی میں تمام مکاتبِ فکر کے علما شامل ہیں اور اس کا بنیادی پیغام امن، رواداری اور اتحاد ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نفرت اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، تمام علما متحد ہیں اور اسی اتحاد کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button