وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلام آباد میں پیش آنے والے سانحے کے پیشِ نظر بسنت سے متعلق تمام سرگرمیاں منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متاثرین کی فوری امداد کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہفتے کو ہونے والی بسنت کی تمام شیڈول تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ لبرٹی سکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی نہیں ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ قومی سانحے پر یکجہتی کے اظہار کے لیے کیا گیا ہے، قوم خوارجی فتنے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ خوارجی عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ملک کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ اپنے پیغام کا اختتام کیا۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے امام بارگاہ دھماکے کے متاثرین کی فوری مدد کے لیے 25 مکمل طور پر ایکویپڈ ایمرجنسی ایمبولینسز اسلام آباد روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی کے تمام ہسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے مطابق راولپنڈی کے ہسپتالوں میں سرجیکل ٹیمیں، اینستھیزیسٹ، آرتھوپیڈک اور نیورو سرجری کے ماہرین کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے، جبکہ زخمیوں کو بروقت اور مؤثر طبی امداد کی فراہمی کے لیے بلڈ بینکوں میں بھی عملہ موجود رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن تھیٹرز کو تمام ضروری آلات سے لیس کر دیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کریں۔
