
قومی
پاکستان اور آذربائیجان کا دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
پاکستان اور آذربائیجان نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور آذربائیجان کی بحری فوج کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین ممدوف کے درمیان نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات میں کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سمندری سکیورٹی صورتحال سمیت تربیت اور دفاع میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے پر آئے مہمان کو پاک بحریہ کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی بحری تعاون پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی بحری فوج کے کمانڈر کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔















