
قومی اسمبلی نے بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمتی قرارداد منظور کرلی
قومی اسمبلی نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج ایک قرارداد کی منظور ی دی۔وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، بلوچستان کی صوبائی حکومت اور سول انتظامیہ کی بروقت و موثر کارروائی کو سراہا گیا اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ایوان نے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک خواتین کو استحصال، جبر، ذہنی دبائو اور بلیک میلنگ کے ذریعے ریاست اور معاشرے کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ اسلامی، پاکستانی اور بلوچ اقدار کے سراسر منافی ہے۔ایوان نے واضح کیا کہ شہری آبادی، خواتین اور بچوں پر حملے ناقابل معافی جرم ہیں اور ریاست کو ایسے عناصر کے خلاف عدم برداشت کے اصول پر فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہیے۔















