بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چیف آف ڈیفنس فورسز اور ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات،علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق BAYRAKTAROGLU نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ سکیورٹی کی موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی اور فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان ترکیہ تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کواجاگر کیا جو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات پر مبنی ہیں۔

انہوں نے ترک مسلح افواج کی حمایت اور تعاون کو سراہا اور دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق BAYRAKTAROGLU نے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

انہوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں اور استعدادکارمیں اضافے کے اقدامات سمیت دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اشتہار
Back to top button